اسلام آباد: پاکستان سپر لیگ کے راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچوں میں شائقین نے بڑھ چڑھ کر شرکت کی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے 17 ہزار گنجائش والے اسٹیڈیم میں آٹھ میچ دیکھنے آنے والے تماشائیوں کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہے۔
راولپنڈی میں موسم کی خرابی کے باوجود جب بھی میچ کھیلا گیا، شائقین کرکٹ نے ہر میچ میں اسٹیڈیم کو بھرا۔ تمام میچوں کے دوران انہوں نے صرف میزبان ٹیم اسلام آباد یونائٹیڈ کو سپورٹ کیا بلکہ یہاں میچ کھیلنے والی ہر ٹیم کو بھرپور سپورٹ ملی۔
ہر میچ کے دوران جب انتظامیہ کی جانب سے آگاہ کیا گیا کہ اسٹیڈیم اپنی استطاعت کے مطابق مکمل طور پر بھر چکا ہے تو سوشل میڈیا پر اسے بھرپور انداز میں سراہا گیا۔ راولپنڈی کے شائقین کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ یہاں پی ایس ایل چھ کے زیادہ سے زیادہ میچ رکھے جائیں۔
اسی طرح سوشل میڈیا پر اور اسٹیڈیم میں بھرپور تعاون پر یہ تجویز بھی سامنے آئی کہ راولپنڈی کو کرکٹ کا دارالحکومت قرار دیا جائے کیونکہ یہاں کھیلنے والی ہر ٹیم کو نہ صرف سپورٹ کیا گیا بلکہ ہر میچ کو دیکھنے کیلئے شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد بھی موجود رہی جس کی وجہ سے کھیلنے والے کھلاڑیوں کے جوش و جذبے میں مزید اضافہ ہوا۔